ڈاکٹر کا انتخاب
ہمارا معالج ایسا ہونا چاہیے. جس پر آپ مکمل طور پر اعتماد کر سکتے ہوں. آپ اس سے مانوس ہوں. جو آپ کے مسائل کو سمجھ سکے اور حوصلہ افزائی کرے. اور جو آپ کی صحت کی مکمل خبر گری کرے اور آپ کو صحت مند رکھنے کے لیے مفید مشورے دے اور حوصلہ افزائی بھی کرے. اس کو صرف آپ کی صحت کے بارے میں ہی آگاہی نا ہو بلکہ دیگر اہل خاندان سے بھی واقف ہو اور آپ کے خاندانی پس منظر سے خوب اچھی طرح واقف ہو
اس کو آپ کی مزمن امراض کا علم ہونے کے ساتھ ساتھ آپ کی روزمرہ زندگی کی مصروفیات کا بھی علم ہونا ضروری ہے. کیونکہ جب وہ آپ کو مریض کی حیثیت سے مکمل طور پر جانتا ہو گا تب ہی آپ کو صحت کے متعلق مفید مشورے اور علاج دے سکے گا. اور صحت کے متعلق مسائل کی اصلاح کر سکے گا
ڈاکٹر کی عمومی طبی صلاحیت بھی مستند ہونا نہایت ضروری ہے. تاکہ آپ کی بیماری کی تشخیص درست کر سکے اور اگر مناسب سمجھے تو کسی ماہرِ خصوصی کے پاس بھیج سکے. ڈاکٹر میں تین اہم خصوصیات کا ہونا نہایت ضروری ہے
تعلیم یافتہ ہو
با کردار ہو
مریض سے دلچسپی اور ہمدردی رکھتا ہو
فیملی ڈاکٹر کے انتخاب کے لیے اس بات کو لازمی مدِ نظر رکھیں کہ ڈاکٹر مہارت رکھتا ہو تاکہ مرض کی تشخیص درست کر سکے اور علاج کر سکے. اس کو امراض اسباب اور ان کی روک تھام کے طریقوں کا بھی علم ہونا چاہیے. ڈاکٹر مثالی کردار کا مالک ہو تاکہ مریض کی صحت و تندرستی کو اولین ترجیح دے. اسے معتدل اور سنجیدہ انسان ہونا چاہیے. ایک اچھے ڈاکٹر کو اپنی فیس سے زیادہ مریض کی خیر و عافیت کا خیال ہونا چاہیے. اسے اس قدر ایماندار ہونا چاہیے کہ جب وہ محسوس کرے کہ مریض کو کسی ماہرِ خصوصی کے مشورے کی ضرورت ہے تو آپ کو اس ماہر معالج کے پاس بھیج دے. آپ کی صحت کے ضمن میں وقتاً فوقتاً مشورے اور رابطے کے لیے آپ کی حوصلہ افزائی کرے. آپ اس سے بآسانی رابطہ اور بات کر سکتے ہوں اور وہ صبر و اطمینان سے آپ کی بات سنے. اس کے پاس وقت ہو تاکہ آپ کی بات غور سے سن سکے اور آپ کو جوابات دے سکے
ایک عام آدمی کو معالج سے متعلق یہ اندازہ لگانے کے لئے کہ وہ پیشہ ورانہ لحاظ سے جامع، قابلِ اعتماد اور اپنا کام جانتا ہے چند باتیں جاننی ضروری ہیں. اول یہ کہ پہلی ملاقات میں وہ مریض کی مفصل روداد سنتا ہے. مریض کی ولادت بلکہ قبل از ولادت اور خاندانی معلومات حاصل کرتا ہے اور پھر ان معلومات کو دستاویزات کی شکل میں اپنے پاس محفوظ رکھتا ہے. دوم ابتدائی ملاقات میں ہی تفصیلی معائنہ کرتا ہے. تفصیلی معائنوں میں جسم کے تمام اعضاء کا معائنہ اور لیبارٹری ٹیسٹ بھی شامل ہیں
ایک تجربہ کار اور سچا ڈاکٹر صرف ان شکایات پر ہی اپنے علاج کی بنیاد نہیں رکھتا جو مریض اسے بتاتا ہے بلکہ وہ اصل مریض کی تشخیص کرتا ہے اور پوری کوشش کرتا ہے کہ مرض ختم ہو جائے
فیملی ڈاکٹر کا انتخاب کرتے وقت مزید چند باتوں کو مدِنظر
رکھیں
جو ڈاکٹر یا ہسپتال اپنے محلے یا علاقے میں اچھی شہرت رکھتا ہو اس کے استقبالیہ سے رابطہ کر کے ڈاکٹر سے متعلق معلوم کریں
اس ڈاکٹر کے متعلق اپنے محلے داروں، رشتے داروں سے دریافت کریں
ڈاکٹر کی پیشہ ورانہ اہلیت سے متعلق بھی اطمینان کر لیں. پھر جس کو مناسب پائیں اس کو منتخب کریں
اور یہ بات نہایت ہی ضروری ہے کہ جب آپ معالج کا انتخاب کر لیں تو اس پر اعتماد کریں جو وہ کہے اس پر عمل کریں اور اس کے مشوروں کو اہمیت دیں


Comments
Post a Comment